اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج آپریشن میں پاکستان کی تمام 905 کمپنیوں کو حصہ لینے کی اجازت دینے کیلئے وفد سعوی عرب بھیجنے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین کمیٹی عبدالغفور حیدری بولے یہ 90 ہزار حجاج کرام کا معاملہ ہے۔ کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی عبدالغفور حیدری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں سعودی حکومت کی طرف سے 905 کے بجائے صرف 46 پاکستانی کمپنیوں کو حج آپریشن میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ سعودی عرب کو خط لکھ کر تمام 905 کمپنیوں کو آپریشن کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی مگر ابھی تک ان کا کوئی جواب ہی نہیں آیا ۔ رکن کمیٹی سینیٹر عبد الکریم نے کہا غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے صرف خانہ پری کے لئے خط لکھ دیا ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں۔ سعودی حکومت سے ڈی جی حج خود بات کرکے مسئلےکا حل نکالیں ۔
چیئرمین کمیٹی عبدالغفور حیدری نے بھی ارکان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ صرف خط لکھنا ناکافی ہے۔ سعودی حکام سے ملاقات کیلئے وزارت مذہبی امور ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھیجے۔
اجلاس کے دوران الیکشن کا بھی ذکر آیا۔ چئیرمین کمیٹی عبدالغفور حیدری نے الیکشن میں تاخیر کی خواہش کا اظہار کردیا بولے جنوری میں سردی اور برف باری ہوگی خواہش ہے کہ الیکشن تب ہی ہوں جب سردی کم ہو اور امن و امان کا مسئلہ بھی نہ ہو ۔ لیکن اگر جنوری میں ہی الیکشن کرائے گئے تو جمعیت علماء اسلام اس کے لئے بھی تیار ہے۔