اسلام آباد : نئی حلقہ بندیوں پر ملک بھر سے 1324 اعتراضات الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے، جنہیں نمٹانے کیلئے سماعت یکم نومبر سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نئے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کو حمتی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ پنجاب سے 672 ، خیبرپختونخوا سے 293 اور سندھ سے 228 اعتراضات جمع ہوئے جبکہ صوبہ بلوچستان سے 124 اور اسلام آباد میں 7 اعتراضات سامنے آئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں سے متلعق اعتراضات پر سماعت کیلئے 2 بینچ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ یکم اور 2 نومبر کی سماعت کیلئے اعتراض کنندگان کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ یکم نومبر کو پہلا بینچ اسلام آباد، شکارپور، خضدار، سیالکوٹ اور راجن پور کی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات پر سماعت کرے گا جبکہ دوسرا بینچ کرم، اٹک، جہلم، ننکانہ صاحب، کوہاٹ اور کورنگی کراچی کے اعتراضات نمٹائے گا۔
دو نومبر کو ملیر ، سانگھڑ، سوات، ہری پور،چکوال اور پشین سے حلقہ بندیوں پر اعتراضات سماعت کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔
مردان، کراچی شرقی، موسیٰ خیل، لودھراں، نوشہرو فیروز اور حب سے سامنے آنے والے اعتراضات کی سماعت بھی 2 نومبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن تمام اعتراضات نمٹانے کے بعد 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کرے گا۔