اسلام آباد : الیکشن کمیشن میں دو روز کے وقفے کے بعد ابتدائی حلقہ بندیوں پر درج شکایات کی سماعت آج پھر ہوگی۔
اعتراضات کی سماعت کے چوتھے روز ملتان ،مانسہرہ، بٹگرام اور جھنگ کے حلقوں پر اعتراضات سنے جائیں گے۔ کراچی کے تین اضلاع کراچی ویسٹ، کراچی سینٹرل اور کیماڑی کی حلقہ بندیوں کے اعتراضات کی بھی شنوائی ہوگی۔
آج سماعت کے لئے مقرر ہونے والے دیگر اضلاع میں پنجاب کا ضلع وزیرآباد، سندھ سے عمرکوٹ، خیبرپختونخوا کے بنوں، شانگلہ
وزیرستان، لکی مروت اور باجوڑ شامل ہیں۔
اسی طرح بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ، ژوب اور شیرانی کی ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت بھی آج ہی مقرر ہے۔
یاد رہے کہ عبوری حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت الیکشن کمیشن کے 2 بینچ کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو تمام صوبوں اور اسلام آباد کیلئے مجموعی طورپر 1324 اعتراضات موصول ہوئے تھے جن میں پنجاب سے 672 ، سندھ 228 ،خیبرپختونخوا 293 ،بلوچستان 124 اور اسلام آباد سے 7 اعتراضات شامل ہیں۔