اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کرنے کے لئے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملے کی فہرستیں تیار کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے لئے ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا۔ سب سے زیادہ 5 لاکھ 26 ہزار 123 پولنگ عملہ پنجاب میں مقرر ہوگا۔ جن میں 54 ہزار 706 پریذائیڈنگ افسران ، 3 لاکھ 10 ہزار 968 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور ایک لاکھ 60 ہزار 445 دیگر پولنگ اسٹاف شامل ہے۔
سندھ میں تعینات پولنگ اہلکاروں کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 100 ہوگی۔ سندھ میں 20 ہزار 315 پریذائیڈنگ افسران، ایک لاکھ 62 ہزار 523 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران جبکہ 81 ہزار 262 دیگر پولنگ عملہ الیکشن ڈیوٹیاں سرانجام دے گا۔
خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 66 ہزار 655 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا۔ ان میں 16 ہزار 525 پریذائیڈنگ افسران ، ایک لاکھ 85 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 50 ہزار 45 دیگر عملہ شامل ہے۔
بلوچستان میں عام انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 50 ہزار 491 افسران تعینات کئے جائیں گے۔ ان میں 5 ہزار 266 پریذائیڈنگ افسران، 30 ہزار 150 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 15 ہزار 75 دیگر عملہ پولنگ اسٹیشنز پر خدمات انجام دے گا۔