اسلام آباد : فوجی عدالتوں سے متعلق قرارداد کی منظوری پر سینیٹ میں احتجاج۔ ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ چیئرمین صادق سنجرانی نے احتجاج کے باوجود فوجی عدالتوں سےمتعلق قرارداد پر بات کی اجازت نہ دی اور اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو تلاوت کلام پاک کے فوری بعد کئی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ سے چند روز قبل منظور ہونے والی اس قرارداد پر بات کرنا چاہتے ہیں جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلے کی مذمت کی گئی تھی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ مجھے کارروائی شروع کرنے دیں اور تمام ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وقفہ سوالات شروع کئے تو وزرا ہی موجود نہیں تھے۔ ارکان نے وزراء کی غیر حاضری پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے سوالات پوچھنے سے ہی انکار کردیا اور مسلسل فوجی عدالتوں سے متعلق قرارداد کی منظوری پر بات کرنے کی اجازت مانگتے رہے۔۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی اڑے رہے اور انھوں نے احتجاج کے باوجود فوجی عدالتوں سے متعلق قرارداد پر بات کی اجازت نہیں دی۔ جب ارکان کو منانے میں ناکام رہے تو چیئرمین سینیٹ نے کارروائی پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردی۔