کراچی (رپورٹ : عبدالجبار ناصر)سندھ میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں 4 مختلف بلدیاتی کیٹگریوں کی 80نشستوں کے لئے ضمنی الیکشن 5نومبر 2023ء کو ہوا۔ جن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں 10 یو سی چئیرمین، 18 یو سی وائس چیئرمین، 8ضلعی کونسلرز اور 44 وارڈز کونسلرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق 80 میں سے 64 نشستوں پر پیپلزپارٹی کو کامیابی ملی۔ جیالے امیدواروں میں سے 9 یونین کونسلز کے چیئرمین، 13 نائب چیئرمین، 8ضلعی کونسلرز اور 34وارڈز کونسلرز منتخب ہوئے۔
گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کو 3 نشستوں پر کامیابی ملی، جن میں سے ایک یوسی چیئرمین، ایک وائس چیئرمین اور ایک وارڈ کونسلر شامل ہیں۔ تحریک انصاف نے 2 یوسی وائس چیئرمین، جماعت اسلامی نے 2 وارڈز کونسلرز، جمعیت علماء اسلام نے ایک وارڈ کونسلر کی نشست جیتی۔ 2 یونین کونسلز کے وائس چیئرمین اور ایک وارڈ کونسلر آزاد حیثیت میں کامیاب قرار پایا۔
وارڈز کونسلرز کی اب بھی 4نشستیں خالی رہ گئی ہیں کیونکہ ان حلقوں میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ۔ ایک وارڈ کونسلر کی نشست پر عدالت نے حکم امتناع جاری کررکھا ہے۔