اسلام آباد : الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے اپنا سرور ہی موجود نہیں۔ الیکشن کمیشن نتائج کے لیے نادرا کے سرور کا سہارا لے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان عام انتخابات میں نتائج کے لیے سرور ہوسٹنگ کا معاہد طے پا گیا۔۔الیکشن کمیشن نتائج کے لیے نادرا سرور پر انحصار کرے گا اور اس ضمن میں الیکشن کمیشن نادرا کے سرور ہوسٹنگ کی مد میں کرایہ ادا کرے گا۔
فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج نئے سافٹ ویئر الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کے ذریعے تیار کئے جائیں گے۔ الیکشن مینجمنٹ سسٹم ڈیجیٹل اور مینوئل دونوں طریقوں سے چلایا جائے گا۔ ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے اسے ڈیجیٹل اور مینول طریقوں سے ڈی آر او اور الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے۔ اس کام کے لئے ہر ریٹرننگ افسر کو 4، 4 ڈیٹا انٹری آپریٹرز دیئے بھی دیئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ای ایم ایس جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ جس کا چاروں صوبوں میں کامیاب تجربہ بھی کیا گیا جس کے بعد اسے عام انتخابات میں مکمل طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تجربے کے دوران مختلف اضلاع کے ریجنل الیکشن کمشنرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں نتائج وصول اور پھر وہاں سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے۔ ای ایم ایس کی خاص کی بات یہ ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجے جا سکیں گے۔