اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز چھاپنے کا تخمینہ لگا لیا۔ عام انتخابات کے لیے پورے ملک میں مجموعی طور پر 25 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کے حلقوںکے لئے 12 کروڑ 24 لاکھ بیلٹ پیپرز درکار ہوں گے جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر انتخاب کیلئے 12 کروڑ 12 لاکھ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی۔
الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے واٹر مارک بیلٹ پیپرز چھاپے گا۔ عام انتخابات کیلئے 3 پرنٹنگ اداروں سے بیلٹ پیپرز چھپوائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق انتخابات کے لئے 25 فیصد بیلٹ پیپرز پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن چھاپےگی، 40 فیصد بیلٹ پیپرز پوسٹل فاؤنڈیشن جبکہ 35 فیصد پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان سے چھپوائے جائیں گے۔
بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے موقع پر تینوں اداروں کی سیکیورٹی سخت کی جائے گی۔ پرنٹنگ والی جگہوں کے اندر اور باہر فوج کی نفری تعینات کئے جانے کا بھی امکان ہے، بیلٹ پیپرز کی ڈی آر اوز اور آر اوز کو ترسیل بھی سخت سیکیورٹی میں کی جائے گی۔