پشاور (الیکشن نامہ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانےکیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست ترجمان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل218 (3) کے تحت صاف شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانا لازمی ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا اور نگران صوبائی حکومت کی آئینی حیثیت بھی متنازع ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف کو صوبے میں سیاست کے یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جارہے، جلسے اور کنونشن کرنے تک کی اجازت نہیں اور پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت گرفتار یا مقدمات کا سامنا کررہی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نگران حکومت غیر جانب دار نہیں رہی ۔ موجودہ گورنر کی موجودگی میں صاف شفاف الیکشن ممکن نہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کی انعقاد میں غیر آئینی تاخیر کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنر کو صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے عمل میں دخل اندازی سے روکاجائے، صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات جوڈیشل افسران کے تحت کروائے جائے۔