پشاور (الیکشن نامہ نیوز) خیبرپختونخوا کی مختلف سیاسی شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے معاملے پر اعتماد میں نہ لئے جانے پر ضلع پشاور کی پارٹی قیادت نے ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت مرکزی پارٹی رہنما شیر افضل مروت سے ناراض ہے، ضلعی قیادت نے شمولیتی عمل میں شیر افضل مروت کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کا شکوہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک سرکلر نکالا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کی ضلعی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر شخصیات کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کے معاملے میں ضلعی قیادت کو بالکل بھی اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے اور شیر افضل مروت اپنے طور پر ان شخصیات کو پارٹی میں شامل کرارہے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی آئی پشاور کے صدر شیر علی ارباب نے ایک سرکلرجاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ضلعی تنظیموں کی رضا مندی کے بغیرپارٹی میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کی مخالفت کی جائےگی۔