اسلام آباد : آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی نشانات کو حتمی شکل دینے کا اہم مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی حتمی فہرست تیار کرلی جس میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے 327 انتخابی نشان رکھے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کردہ انتخابی نشان کی فہرست میں استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان عقاب، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کا تیر ، مسلم لیگ ن کا انتخابی نشان شیر، تحریک انصاف کا بلا، جماعت اسلامی کا ترازو اور تحریک لبیک پاکستان کا انتخابی نشان کرین موجود ہوں گے ۔
اسی طرح آزاد امیدواروں کے لئے کار، جیپ، بلب، بطخ، فاختہ، پھول،سیب، کیپ ، صابن دانی، تھرماس، سرمہ دانی وغیرہ کے انتخابی نشانات فہرست میں شامل کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابی نشان کی فہرست دسمبر کے پہلے ہفتے میں جاری ہوگی۔