اسلام آباد : آئندہ انتخابات میں ریٹرننگ افسران بیوروکریسی سے لگائے جائیں گے۔۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ عدلیہ سے جواب نہ آنے پر کیا ہے۔۔ سیکیورٹی کے لئے عام انتخابات میں پاک فوج بھی تعینات ہوگی۔۔ ؎
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو عدلیہ سے ریٹرننگ افسران نہیں مل سکے۔ عدلیہ کی جانب سے انتخابی ڈیوٹیوں کے کیلئے الیکشن کمیشن کے لکھے گئے خط کا کوئی جواب نہیں آیا۔ اس لئے اب آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے طور پر تعینات کیا جائےگا۔۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قومی اسمبلی کے حلقوں میں ریٹرننگ افسر کی خدمات انجام دیں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو صوبائی اسمبلی کے حلقوں کا آر او تعینات کیا جائے گا۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ سیکیورٹی سے متعلق وزرات داخلہ سے جامع رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ کے ساتھ اہلکاروں کی مجموعی تعداد اور پلان بھی دیا جائے۔