اسلام آباد :الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عام انتخابات کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لئے حلقہ بندیوں ی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حتمی نوٹیفکیشن کے مطابق فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کی مجموعی طور پر 266 جنرل نشستیں ہوں گی۔ ان میں سے 141 قومی اسمبلی کی نشستیں پنجاب، 51 سندھ، خیبرپختونخوا میں 45، بلوچستان میں 16 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہوں گی۔
اسی طرح صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 297، سندھ اسمبلی کی 130، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 اور بلوچستان اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 51 ہوگی۔
حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق صوبہ سندھ میں قومی اسمبلی کی نشستوں میں ردوبدل ہوا ہے۔ ضلع سانگھڑ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست کم ہوگئی ہے۔ پہلے ضلع سانگھڑ میں 3 قومی اسمبلی کے حلقے تھے جو کہ اب 2 رہ گئے ہیں۔
اسی طرح کراچی جنوبی سے قومی اسمبلی کی ایک نشست میں اضافہ ہوا ہے۔ کراچی جنوبی میں قومی اسمبلی کے حلقے 2 کے بجائے 3ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشستوں میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ ضلع خیرپور، ٹھٹھہ اور سانگھڑ سے صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست کم کردی گئی ہے۔ خیرپور میں صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم ہوکر 6، ٹھٹھہ کی 3 سے کم ہوکر 2 جبکہ ضلع سانگھڑ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 6 سے کم ہوکر 5 ہوگئی ہیں۔
اندرون سندھ کے اضلاع سے کم ہونے والی صوبائی اسمبلی کی نشستیں آبادی میں اضافے کی وجہ سے کراچی کے حصے میں آگئی ہیں۔ حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق ضلع ملیر ، کراچی شرقی اور کراچی وسطی کو صوبائی اسمبلی کی ایک ایک اضافی نشست مل گئی ہے۔ اب ملیر کی سندھ اسمبلی میں نشستیں 5 سے بڑھ کر 6، ضلع شرقی کی8 سے بڑھ کر 9 اور کراچی وسطی کی نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 کردی گئی ہیں۔