اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والےامیدواروں کے اعدادوشمارجاری کردیئے ۔ قومی اسمبلی کے لئے 8 ہزار 322 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔ سیکڑوں خواتین بھی انتخابی معرکے کیلئے میدان میں ہیں۔
قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔ قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 459 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کیلئے 26 خواتین سمیت 208 امیدوار میدان میں آئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں 10 اقلیتی نشستوں کے لئے 150 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں 10 خواتین بھی ہیں۔
قومی اسمبلی کے لئے خیبرپختونخوا سے 1 ہزار 283 مردوں اور 39 خواتین نے جنرل نشستوں اور 97 نے خواتین کیلئے مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ پنجاب سےقومی اسمبلی کیلئے 277 خواتین اور 3594 مرد امیدوار میدان میں آئے ہیں۔ صوبے سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے 195 خواتین نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
سندھ سے 1 ہزار 571 مرد اور 110 خواتین قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے امیدوار ہیں۔ جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے صوبے سے 118 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
بلوچستان میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 612 مردوں اور صرف 19 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ 49 خواتین قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے لئے بھی امیدوار ہیں۔