لاہور :پنجاب اسمبلی کی جنرل اور خواتین و اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ملک کی سب سے بڑی اسمبلی میں امیدواروں کی تعداد بھی سب سے زیادہ 9 ہزار 757 ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ہے جس کے لئے 9 ہزار 29 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ان میں 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین امیدوار شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین کیلئے مخصوص نشستیں 66 ہیں جن کے لئے 601 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کیلئے مخصوص 8 نشستوں کے لئے 127 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ جن میں 118 مرد اور 9 خواتین امیدوار شامل ہیں۔