اسلام آباد : اسلام آباد اور راولپنڈی سے انتخابی امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر ہونے کا آغاز ہوگیا۔ پہلے روز پی ٹی آئی کے عمیر نیازی اور پیپلزپارٹی کے بابر سلطان جدون نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے اپیلیٹ ٹریبونل سے رجوع کر لیا ۔۔ پی ٹی آئی امیدوار شعیب شاہین نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی ۔
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے ترجمان عمیر نیازی نے این اے 89 میانوالی اور پیپلزپارٹی کے بابر سلطان جدون نے این اے 55 راولپنڈی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف الگ الگ اپیل دائر کی ۔ جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چودھری عبدالعزیز پر مشتمل اپیلیٹ ٹریبونل نےدونوں اپیلیں سماعت کیلئے منظور کرلیں اور فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس ارباب محمدطاہر پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نےشعیب شاہین کی اپیل منگل کو سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پی ٹی آئی کے این اے 49 اٹک سے امیدوار میجر ریٹائرڈ طاہر صادق اور این اے 51 مری سے غلام مرتضیٰ ستی کے تجویز اور تائید کنندہ کی مبینہ گرفتاریوں کے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ جسٹس صداقت علی خان نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا منگل تک بندے برآمد نہ ہوئے تو متعلقہ پولیس حکام کے خلاف ایف آر درج کرنے کا حکم دیں گے ۔ پھر تفتیش میں سب کچھ سامنے آ جائے گا ۔