اسلام آباد : انتخابات سے تین ہفتے پہلے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا طبی بنیادوں پر دیا گیا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔ اسپیشل سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین کو سیکرٹری لگا دیا گیا دیگر کئی اہم تقرریاں اور تبادلے بھی کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے ایک ہفتے قبل طبی بنیادوں پر استعفی دیا تھا جو کہ چیف الیکشن کمشنر نے منظور کرلیا۔
عمر حمید نے 9 جولائی 2021ء کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کا عہدہ سنبھالا تھا۔ پہلا کنٹریکٹ مکمل ہونے پر انھیں مزید ایک سال کیلئے توسیع دی گئی تھی تاہم وہ کچھ عرصے سے پھپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور اسی وجہ سے انھوں نے خود رضاکارانہ طور پر عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔
عمر حمید کی سبکدوشی پر الیکشن کمیشن میں ہی تعینات اسپیشل سیکرٹری سید آصف حسین کو نیا سیکرٹری تعینات کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سید آصف حسین گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ہیں۔ ان کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشنز کے مطابق الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان کا پنجاب تبادلہ کردیا گیا ہے۔ پنجاب کے الیکشن کمشنر سعید گُل کو ڈی جی الیکشن سیل اسلام آباد مقرر کردیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن اسلام آباد محمد فرید آفریدی کو نیا الیکشن کمشنر بلوچستان بنا دیا گیا ہے۔